خیبر پختونخوا کے وزیر توانائی و برقیات نزیر احمد عباسی کی زیر صدارت گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی کرک کے منصوبے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ توانائی و برقیات ،ایڈیشنل سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کی عمارت کی تعمیر اس انداز میں مکمل کی جائے جس پر وقت اور لاگت کم آئے تاکہ اس میں جلد از جلد کلاسوں کا اجرائ ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک میں بہت زیادہ ماسٹر ڈگری طلبائ و طالبات بے روز گار ہیں جو سر کاری اداروں میں نوکریوں کی تلاش میںہیں ان کے لئے ہنر مندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت اس حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ہنر مندی کی جانب بھی بھر پور توجہ دیں کیونکہ موجودہ زمانے میں جدید مہارتوں کا حصول ضروری ہو گیا ہے۔ اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی پی ٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ 2022ئ میں جی پی آئی کرک کی عمارت میں محکمہ صنعت کے تحت قائم کیا گیا۔جس کے لئے
ڈی اے ای ٹیکنالوجیز کے نصاب University of Engineering and Technology, Peshawar کے ذریعے تیار کیے گئے۔ادارے کو 3 سالہ ڈی اے ای ڈرلنگ اور ڈرلنگ فلوئڈز کے لیے بورڈ آف ٹیکنیکل اینڈ کمپری ہینسو ایجوکیشن (BT&CE) پشاور سے منسلک کیا گیا۔اس میںHSE، سروے اور ڈرلنگ کے مختصر دورانیے کے کورسز ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ (TTB) اور NAVTTC سے منسلک ہیں۔3 سالہ ڈی اے ای کی کلاسز 2022ئ سے جاری ہیں۔ہر سال 40 طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے، جن میں 20 نشستیں دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے مختص ہیں۔ طلبہ کوریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے تعاون سے BLS (Basic Life Support) تربیت بھی کروائی گئی ہے۔43 طلبہ نے وزیرِاعظم کے یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے پوزیشن ہولڈر طلبائ میں سکالرز شپ کے چیک بھی تقسیم کئے ۔
