ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت ضلع سوات میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر سوات خورشید علی سمیت محکمہ مواصلات و تعمیرات، محکمہ بلدیات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا سکیم وار جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں سے جاری کام، تکمیل کی مدت اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ افسران منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرتے ہوئے موقع پر کام کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیں۔
