خیبرپختونخوا میں ڈینگی وباء سے نمٹنے کے لیے ڈینگی رضاکار ٹاسک فورس اور محکمہ صحت کا مشترکہ لائحہ عمل۔ سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر نے پیر کے روز ڈینگی رضاکار ٹاسک ٹیم سے ملاقات کی اور صوبے میں ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم، سرویلنس کی مضبوطی اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی چیف عتیق احمد اور ڈویژنل وارڈن سرتاج خان کی سربراہی میں سول ڈیفنس کے ڈینگی رضاکار ٹاسک ٹیم نے سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر کو ڈینگی وباء پر قابو پانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ اجلاس کے دوران ڈینگی رضاکار ٹاسک ٹیم نے مقامی عمائدین، علما، تعلیمی اداروں کے سربراہان کو اعتماد میں لینے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد ڈینگی سے بچاؤ اور ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں ان کے ذریعے عام لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر قاسم افریدی نے ڈینگی رضاکار ٹاسک فورس کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ انہوں نے ڈینگی کے خلاف اس اہم مہم میں رضاکاروں کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور اس بیماری سے وابستہ خطرات کو کم کرنے کے لیے باہمی تعاون کے طریقہ کار کی اہمیت پر زور دیا۔