
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں 46ویں بورڈ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ، محکمہ قانون، محکمہ خزانہ اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں جلوزئی ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح نشتر آباد پشاور میں خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے مرکزی دفتر کے قیام کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کمرشل پراپرٹی لیزنگ ریگولیشنز 2026 کی منظوری بھی دی، جبکہ سرکاری ملازمین کو مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں رہائشی پلاٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ذریعے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کی خصوصی ہدایت پر دنگرام ہاؤسنگ اسکیم سوات میں مقامی صحافیوں کے لیے مختص پلاٹس کی رقم کی ادائیگی کے لیے ایک اور موقع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ مقامی صحافی پلاٹس کی منسوخی کے عمل سے محفوظ رہ سکیں۔اجلاس میں حیات آباد ہائی رائز سکیم میں پلاٹ مالکان اور فیملی رہائشی کرایہ داروں کے لیے نئی واضح کردہ پالیسی، ایس او پیز اور قواعد و ضوابط کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے بجٹ پر تفصیلی غور کیا گیا اور بجٹ کی منظوری دی گئی۔ مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی۔ملازئی ہاؤسنگ اسکیم میں سوئی گیس کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ کی سفارشات پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی، جبکہ مختلف ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق عدالتی مقدمات کی مؤثر پیروی کے لیے کیس ٹو کیس بنیاد پر لیگل ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔بورڈ نے پولیس شہداء کے ورثاء کے لیے ہنگو ٹاؤن شپ اور میگا سٹی نوشہرہ میں پلاٹ کا سائز تین مرلہ سے بڑھا کر پانچ مرلہ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پلاٹوں کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ عوام اپنے پلاٹس کی معلومات آن لائن دیکھ سکیں اور نظام میں مزید شفافیت لائی جا سکے۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کو بلا تاخیر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان، ڈی جی ہاؤسنگ زاہد خان، چیف آف سیکشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہاشم خان، ڈائریکٹر ایڈمن امان الحق، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ طلعت فہد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ون عمران ہلال، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی یعقوب خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
