بریکوٹ کٹیگری سی ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح

صوبائی وزیر ہاؤسنگ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے 65 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے بریکوٹ کٹیگری سی ہسپتال کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بریکوٹ کٹیگری سی ہسپتال کی تکمیل علاقے کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہسپتال کے فعال ہونے سے بریکوٹ اور گردونواح کے ہزاروں افراد کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر ہوں گی۔ہسپتال میں ایمرجنسی، ایکسرے، لیبارٹری، آرتھوپیڈک، لیبر روم، ڈینٹل اور امراض چشم کے شعبوں سمیت مختلف اہم شعبہ جات فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ضروری طبی و معاون عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ایمرجنسی سروس کی دستیابی سے حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد ممکن ہوگی، جبکہ لیبارٹری اور ایکسرے کی سہولت سے مریضوں کو بنیادی تشخیصی سہولیات ایک ہی جگہ میسر آئیں گی۔ اسی طرح لیبر روم، آرتھوپیڈک، ڈینٹل اورامراض چشم کے شعبوں کی سہولیات سے خواتین، ہڈیوں و جوڑوں، دانتوں اور آنکھوں کے مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔ہسپتال کی تکمیل سے بریکوٹ سمیت ملحقہ علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔ 65 کروڑ روپے کا یہ منصوبہ علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔

مزید پڑھیں