محکمہ ہاؤسنگ کی ای کھلی کچہری، عوامی مسائل اور ہاؤسنگ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

سیکرٹری ہاؤسنگ خیبر پختونخوا محمد انور خان کی زیرِ صدارت بدھ کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ محمد زاہد خان، ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ای کچہری کے دوران عوام نے سوشل میڈیا، ٹیلی فون کالز اور پیغامات کے ذریعے شرکت کی اور سرکاری پلاٹس کے حصول، پشاور ویلی منصوبے، جلوزئی، جرما، ملازئی اور ہنگو ٹاؤن شپ سمیت مختلف ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق سوالات کیے۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان نے بتایا کہ خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے پینل فائنل کر لیے گئے ہیں اور بہت جلد تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو ٹاؤن شپ میں بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیو پشاور ویلی ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور ویلی منصوبہ صوبے کا اہم منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ملازئی ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ مقامی آبادی کے تعاون اور شمولیت کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم میں اسٹریٹ لائٹس اور سیکیورٹی کے انتظامات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے۔سرکاری ملازمین کے لیے پلاٹس کی فراہمی کے حوالے سے محمد انور خان نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ میں پانچ سال سے کم عرصہ باقی رہ جانے والے سرکاری ملازمین کو بغیر قرعہ اندازی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کو سال 2026 میں سینیارٹی کی بنیاد پر تقریباً دو ہزار پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ محمد زاہد خان نے عوام سے اپیل کی کہ پلاٹس کے حصول اور دیگر معلومات کے لیے دستک ایپ کے ذریعے اپنی معلومات اپ ڈیٹ رکھیں۔

مزید پڑھیں