
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون، پارلیمانی امور، انسانی حقوق، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید سے یو این ڈی پی کے نیشنل ٹیکنیکل اسپیشلسٹ برائے حقوقِ پاکستان فیز ٹو، ملک کامران اعظم رجڑ اور صوبائی انسانی حقوق افسر یو این ڈی پی عادل بشیر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائ اینڈ ہیومن رائٹس خیبر پختونخوا غلام علی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد کار، مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل، مربوط ریفرل سسٹم اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ یو این ڈی پی کے تعاون سے انسانی حقوق سے متعلق صوبے کے 13 موجودہ اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل اور ریفرل سسٹم کے ذریعے مربوط کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں میں فوکل پرسنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ اس نظام کے تحت شہریوں کی شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچانے، باہمی رابطہ کاری، شکایات کی پیش رفت کی نگرانی اور مؤثر ازالے کے عمل کو مربوط بنایا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت اداروں کو ضروری تکنیکی معاونت اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔یو این ڈی پی کے تعاون سے ریکارڈ مدت میں انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی رپورٹنگ کو مؤثر بنانے اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط کرنے کے لیے ہیومن رائٹس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کا ڈیجیٹل پورٹل بھی تیار کیا گیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب 11 نومبر کو منعقد ہوئی۔ مشیر عامر جاوید نے اس اہم پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نظام بین الاقوامی رپورٹنگ، معلومات کے تبادلے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔مشیر عامر جاوید نے کہا کہ اب توجہ ان ڈیجیٹل نظاموں کو مؤثر طور پر فعال رکھنے، ان کے نتائج عوام تک پہنچانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ 90 روز کے لیے واضح وژن، اہداف اور قابلِ پیمائش نتائج پر مبنی روڈ میپ مرتب کیا جائے، تاکہ اصلاحاتی اقدامات کے عملی اثرات سامنے آسکیں۔انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں انسانی حقوق سے متعلق سہولیات کی فراہمی، متعلقہ اداروں تک شہریوں کی رسائی اور مقامی سطح پر شکایات کے مؤثر ازالے کو خصوصی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے اقدامات کا دائرہ تمام اضلاع تک وسیع ہونا چاہیے اور بالخصوص ان علاقوں میں ادارہ جاتی موجودگی اور عوامی رسائی بہتر بنائی جائے جہاں شہریوں کو متعلقہ سہولیات تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔یو این ڈی پی کے نمائندوں نے اس امر پر زور دیا کہ اصلاحاتی اقدامات کو آئین پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار، تکنیکی معاونت اور نظام کے دیرپا تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں سرکاری اداروں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون، بنیادی ڈھانچے کی فوری ضروریات اور اصلاحات کے عملی نفاذ کے لیے مربوط حکمت عملی کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔مشیر عامر جاوید نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں اور معلومات کے فقدان کو دور کرنے کے لیے عوامی آگاہی اور مؤثر ابلاغ بھی ضروری ہے، تاکہ شہری اپنے آئینی و قانونی حقوق سے آگاہ ہوں اور متعلقہ اداروں سے رجوع کر سکیں۔ملاقات میں بتایا گیا کہ یو این ڈی پی کے آئندہ رول آف لائ پراجیکٹ میں خیبر پختونخوا کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جو صوبے میں قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کے تحفظ، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی رسائی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔اس موقع پر یو این ڈی پی کے کمیونٹی اسٹیبلائزیشن پراجیکٹ کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جو گزشتہ کئی سالوں سے کامیابی کے ساتھ جاری رہا اور متعلقہ اضلاع میں کمیونٹیز کی فلاح و بہبود اور استحکام کے لیے اہم خدمات انجام دیتا رہا۔ پراجیکٹ کے چیف نیشنل کنسلٹنٹ نے تقریب میں شرکت کے لیے مشیر عامر جاوید کو باضابطہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔مشیر عامر جاوید نے بین الاقوامی شراکت داروں بالخصوص یو این ڈی پی کے تعاون کو سراہتے ہوئے جاری اصلاحاتی اقدامات کو مؤثر، قابلِ پیمائش اور پائیدار ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
