
جامعہ پشاور کے شعبہ تاریخ کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، حکومت خیبر پختونخوا کے تعاون سے عالمی یومِ برداشت 2026 کے موقع پر خصوصی آگاہی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نشست کا مقصد نوجوانوں میں برداشت، باہمی احترام، مذہبی و ثقافتی تنوع کے اعتراف اور معاشرتی ہم آہنگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ظاہر شاہ نے کہا کہ برداشت ایک پُرامن، مستحکم اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیادی اساس ہے۔ مختلف ثقافتوں، مذاہب، نظریات اور روایات کا احترام معاشرتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں اور عدم برداشت، انتہاپسندی اور نفرت انگیز رویوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً نئے ضم شدہ اضلاع میں پائیدار امن اور مثبت سماجی تبدیلی کے لیے نوجوانوں کی تعمیری شمولیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔نشست کے دوران شرکائ نے موضوع سے متعلق گفتگو میں بھرپور حصہ لیا اور مختلف سوالات و آرائ کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیئرمین شعبہ تاریخ جامعہ پشاور ڈاکٹر الطاف قادر نے تقریب کے انعقاد میں تعاون پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک روادار، جامع اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے ایسی علمی اور سماجی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ پشاور اور شعبہ تاریخ نوجوانوں کو مکالمے، فکری تبادلے اور مثبت سماجی شعور کے فروغ کے مواقع فراہم کرنے کی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکائ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
