
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا ڈاکٹر سرفراز علی نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک سے آنے والے سیاحوں کیلئے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ جس میں جدید معلوماتی سکرین کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات کی معلوماتی پمفلٹس اور براؤشرز کا ہونا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا راجہ فضل خالق، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ مشیر کو ٹورازم اتھارٹی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر موجود 5 ہزار سے زائد ہوٹلز و ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن مکمل کی گئی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ سوات میں ابھی بھی رجسٹریشن مہم جاری ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران رجسٹریشن سے ریکارڈ آمدن ہوئی ہے۔ٹورازم اتھارٹی کے میزبان پراجیکٹ میں اب تک 41 افراد دوکمروں پر مشتمل گیسٹ ہاؤس مکمل کرکے انہیں کامیابی سے چلا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈونچر ٹورازم میں چترال اور سوات میں 6 مختلف ایڈونچر ٹورازم کے تربیتی سیشنز مکمل کئے جن میں پیراگلائیڈنگ، راک کلائیمبنگ سمیت مختلف ٹریننگ دی گئی ہیں جبکہ موسم سرما میں آئس ہاکی، سنو بورڈنگ اور دیگر ایڈونچر ٹریننگ فراہم کی جائے گی جس میں کئی تعداد میں طلباء و طالبات ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں۔ صوبے میں 14 نئے سیاحتی مقامات کی جلد از جلد تعمیر اور سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایئریاز بنانے کیلئے اقدامات تیز کئے گئے ہیں نشترہال پشاور میں ٹورسٹ سہولت مرکز اور سٹالز اگلے ماہ تک مکمل کرلئے جائینگے جبکہ خیبرپختونخوا کی مختلف آبشاروں پر بھی سیاحوں کیلئے سہولت فراہم کرنے کیلئے آرام گاہیں اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تعمیراتی کام جاری ہیں۔ اس موقع پر مشیر نے کہا کہ آرٹسٹ اینڈومنٹ فنڈ میں کریٹیریا کا خاص خیال رکھا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ تریچ میر سمٹ کی طرح فلک سر سمٹ کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرایا جائے اور پیراگلائیڈنگ کی طرز کا بین الاقوامی ایونٹ کا بھی صوبہ میں انعقاد ضروری ہے
