ریماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کی بروقت تکمیل کے لیے 1.5 ارب روپے مختص

صوبائی حکومت نے پشاور اور نوشہرہ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل عوامی فلاحی منصوبے ’ریماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم‘ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے مختص رقم 650 ملین روپے سے بڑھا کر 1,500 ملین روپے کر دی ہے۔
مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے انڈسٹریز، کامرس، فنی تعلیم، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈاکٹر محمد ارشاد کی خصوصی کاوشوں سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے اضافی فنڈز کی منظوری دی، جبکہ کنٹریکٹرز کو بروقت ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔ڈاکٹر محمد ارشاد نے سیکرٹری آبپاشی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں منصوبے کی اب تک کی پیش رفت اور فنی پہلووں پر جامع بریفنگ دی۔دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر گورنر نے ریماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کو پشاور اور نوشہرہ کے لیے ’لائف لائن‘ قرار دیا اور کہا کہ اس کی تکمیل سے پشاور کی پینے کے پانی کی تقریباً 80 فیصد ضروریات پوری ہو سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 5.5 کلومیٹر طویل اس منصوبے میں سے 4 کلومیٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی ماندہ حصے پر کھدائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ڈاکٹر محمد ارشاد کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے ایسے بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل زراعت کے فروغ، پینے کے صاف پانی کی پائیدار فراہمی اور معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بقیہ 1,120 میٹر ٹنل کی کھدائی 30 جون 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔پراجیکٹ بریفنگ کے مطابق منصوبے کے تحت ورسک ڈیم سے 700 کیوسک گنجائش کی 5.2 کلومیٹر طویل ذیلی آبپاشی سرنگ (Auxiliary Irrigation Tunnel) تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ورسک گریویٹی کینال کی گنجائش 285 سے بڑھا کر 456 کیوسک جبکہ لفٹ کینال کی گنجائش 200 سے بڑھا کر 290 کیوسک کی جا رہی ہے۔مزید برآں، اضافی 90 کیوسک پانی اٹھانے کے لیے موجودہ پمپ ہاوس کی اپ گریڈیشن اور پمپ ہاوس ٹو (II) کی تعمیر جاری ہے، جبکہ پمپ ہاوس کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے 66 کے وی گرڈ اسٹیشن کو 132 کے وی میں اپ گریڈ کر کے مخصوص ایچ ٹی لائنیں بچھائی جائیں گی۔حکام نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے دریائے کابل پر سالانہ 0.45 ملین ایکڑ فٹ (MAF) اضافی آبی حقوق حاصل ہوں گے جن کی سالانہ معاشی مالیت 225 ملین ڈالر (تقریباً 62,471 ملین روپے) ہے۔ منصوبے کے تحت گریویٹی کینال پر پانی کا الاونس 4.0 سے بڑھ کر 9.4 کیوسک اور لفٹ کینال پر 3.7 سے بڑھ کر 7.0 کیوسک ہو جائے گا، جس سے فصلوں کی کاشت کا تناسب (Cropping Intensity) گریویٹی کینال پر 112 فیصد سے بڑھ کر 180 فیصد اور لفٹ کینال پر 73 فیصد سے بڑھ کر 150 فیصد تک پہنچ جائے گا۔زرعی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر محمد ارشاد نے بتایا کہ منصوبے کے تحت اب تک 8,000 ایکڑ بنجر زمین کو زیرِ کاشت لایا جا چکا ہے جبکہ تکمیل پر مزید 5,000 ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہو گی۔ اس سے سالانہ زرعی پیداوار میں 87,513 ٹن گنا، 78,024 ٹن چارہ، 6,242 ٹن مکئی اور 4,271 ٹن گندم کا اضافہ متوقع ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پشاور اور ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی پائیدار فراہمی کے لیے 300 کیوسک پانی مختص کیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ تقریباً 5,694 ملین روپے کے معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

مزید پڑھیں