
صوبائی خاتون محتسب خیبرپختونخوا رُباب مہدی سے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن نورین بانو لہڑی اور ڈپٹی چیف حمیرا جمال نے اپنے دورہ پشاور کے دوران محتسب سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبائی محتسب رُباب مہدی نے وفد کو محتسب سیکرٹریٹ خیبرپختونخوا کے فرائض، کارکردگی اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ صوبائی قوانین کے تحت دفاتر میں ہراسانی سے متعلق شکایات کے ازالے اور خواتین کے جائیداد کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔بریفنگ میں سیکرٹریٹ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے رُباب مہدی نے کہا کہ ادارہ اب تک 22 ہزار سے زائد سماعتیں کر چکا ہے، جبکہ 4.2 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں حقیقی حق داروں کو واگزار کراکے ان کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹریٹ خواتین کی شکایات کے آسان، بروقت اور بلا معاوضہ ازالے کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔این سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن نورین بانو لہڑی نے صوبائی محتسب رُباب مہدی کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے میں محتسب سیکرٹریٹ خیبرپختونخوا کے کردار کو اہم قرار دیا۔ملاقات میں دونوں اداروں کے درمیان ادارہ جاتی رابطہ کار مضبوط بنانے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
