پشاور میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، آصف رفیق

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، زراعت اور لائیو اسٹاک آصف رفیق نے کہا ہے کہ پشاور میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع اور مستقل حکمت عملی پر کام جاری ہے، جس کے تحت شہر کے ٹریفک مسائل کو دیرپا بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ پشتخرہ انڈر پاس پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ایک لائن کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے کھولا جائے گا، جبکہ سروس روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشتخرہ انڈر پاس کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے دی جائے۔آصف رفیق نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پانچ اہم اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ناردرن بائی پاس کی تکمیل کے لیے کام تیز کیا جا رہا ہے تاکہ بھاری اور بین الاضلاعی ٹریفک کو شہر کے اندر داخل ہونے سے روکا جا سکے اور شہری علاقوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو۔دوسرے مرحلے میں پیر زکوڑی سے حیات آباد تک رنگ روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ تیسرے مرحلے میں رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تکمیل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ پشاور کے گرد ایک مکمل رنگ روڈ کا نظام قائم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناصر باغ، ورسک چنگی اور اقرائ چوک پر انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے تجاویز پر کام جاری ہے، جن کا مقصد ٹریفک کی بڑی رکاوٹوں کو ختم کرنا اور شہریوں کے سفر کو آسان بنانا ہے۔مشیر بلدیات نے کہا کہ پانچویں اہم اقدام کے تحت ٹریفک پولیس کے تعاون سے شہر کے اہم چوکوں پر ٹریفک انجینئرنگ، بہتر انتظامی حکمت عملی اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آصف رفیق نے واضح کیا کہ حکومت محض عارضی اقدامات تک محدود نہیں رہنا چاہتی بلکہ پشاور کے ٹریفک نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے شہریوں کو مستقل ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

مزید پڑھیں