مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی، مثبت رہنمائی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان ہی نظام کو بہتر بنانے اور ملک کو ترقی کی درست سمت پر گامزن کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوتھ سینیٹ آف پاکستان کے وفد سے حطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا طیب قریشی نے کہا کہ نوجوانوں سے ان کا رابطہ اور ان کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہا ہے، کیونکہ نوجوانوں کو سنجیدہ فورمز پر اظہارِ خیال اور قومی معاملات پر بحث میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔مشیر اوقاف نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اور اس کا قیام ایک نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا، اس لیے ملک میں نظریے اور قومی اقدار کی اہمیت مسلمہ ہے۔ نوجوان نسل کی فکری و نظریاتی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں جدید علوم، سائنس، ٹیکنالوجی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی، انتہا پسندی اور جذبات سے کھیلنے کی کسی بھی کوشش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گردی اور امن ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اس لیے معاشرے میں امن، برداشت، رواداری اور اعتدال کو فروغ دینا ہوگا۔ مذہب کو تشدد یا انتہا پسندی کے لیے استعمال کرنے کی ہر کوشش کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ اسلام نے معاشرے کے ہر فرد کو عزت و احترام دیا ہے۔ ہر فرد کو اپنے دائرہ کار اور حدود میں رہتے ہوئے دوسروں کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے، کیونکہ حدود سے تجاوز معاشرتی بگاڑ کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہ ہوں اور انہیں مثبت اور مہذب انداز میں حاصل کرنے کی جدوجہد کریں۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دینا بھی ضروری ہے۔ خود احتسابی کے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں، جبکہ منفی رویے، گالم گلوچ اور غیر شائستہ گفتگو نوجوانوں کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔مشیر اوقاف نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں کسی بھی خبر یا اطلاع کو تحقیق اور تصدیق کے بغیر آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ نوجوان اچھی گفتگو، مثبت رویے اور مہذب اندازِ اظہار کو اپنائیں، کیونکہ الفاظ اور رویے شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے عفو و درگزر، حسنِ اخلاق اور برداشت کی تعلیم دی ہے، جس پر عمل معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
مولانا طیب قریشی نے کہا کہ معاشرے کے ہر شعبے سے وابستہ افراد قابل احترام ہیں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈراموں اور دیگر ذرائع ابلاغ میں مشرقی اور معاشرتی اقدار کی عکاسی قابل تحسین ہے، تاہم میڈیا کو معاشرے کی اصلاح، مثبت سوچ اور ذمہ دارانہ رویوں کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کی تربیت، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ نوجوانوں کے لیے مزید سنجیدہ اور بامقصد کانفرنسز اور فورمز منعقد کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی، سماجی اور فکری معاملات پر اپنی آرائ پیش کر سکیں۔مشیر اوقاف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے لے جانے کے لیے حکومت اور نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لا کر ہی ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
