ثمر ہارون بلور کا ریسکیو 1122 مردان کے ضلعی دفتر کا دورہ

گورنرخیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے آج ریسکیو 1122 مردان کے ریجنل دفتر کا دورہ کیا۔ دفتر آمد پر ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے مشیر گورنر کو سلامی پیش کی۔دورے کے دوران ثمر ہارون بلور نے فائر، ڈیزاسٹر اور واٹر ریسکیو سروسز کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ریسکیو 1122 کے جدید آلات، استعدادِ کار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عالم خان نے مردان ریجن کی مجموعی کارکردگی اور مختلف اضلاع میں فراہم کی جانے والی ایمرجنسی سروسز پر بریفنگ دی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے ریسکیو 1122 مردان کے رسپانس ٹائم، دستیاب وسائل اور آپریشنل کارکردگی سے آگاہ کیا۔مشیر گورنر نے ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں براہِ راست ایک ایمرجنسی کال وصول کر کے کال موصول ہونے سے ریسکیو ٹیم کی روانگی تک کے عملی طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت ریسکیو 1122 مردان کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ ثمر ہارون بلور نے ریسکیو 1122 مردان کی مجموعی کارکردگی اور فوری رسپانس پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہنگامی حالات میں ادارے کا فوری ردعمل لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے اپنا ذاتی مشاہدہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مردان آمد کے دوران راستے میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس چند ہی منٹوں میں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی، جو ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کا واضح مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو معیاری اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریسکیو اداروں کی استعدادِ کار اور وسائل میں اضافے کی کوششیں مسلسل جاری رہنی چاہئیں۔دورے کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی جانب سے مشیر گورنر ثمر ہارون بلور کو یادگاری اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ مشیر گورنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید پڑھیں