گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے آج چارسدہ پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحافی برادری سے ملاقات کی اور ایک تفصیلی پریس بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے صوبے کی معدنیات، غیر قانونی گولڈ مائننگ، امن و امان اور صوبائی مالی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔صحافی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ انہیں صحافیوں اور پریس کلب کو درپیش مشکلات کا بخوبی ادراک ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، کیونکہ یہ موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صوبائی مالی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مشیر گورنر نے سابق پی ٹی آئی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کو اپنے خاتمے کا اندازہ تھا، چنانچہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل صوبائی خزانہ خالی کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ انتظامیہ نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو محکمہ اطلاعات کے اکاؤنٹ میں محض دس لاکھ روپے موجود تھے جبکہ دیگر سرکاری محکموں کے فنڈز بھی نکالے جا چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کے خالی اکاؤنٹس کے باعث ابتدا میں انتظامی امور چلانے میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جو سابقہ حکومت کی روانگی سے قبل مالی منصوبہ بندی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔صوبے کے قدرتی وسائل کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل، معدنیات، سونے اور پانی پر پہلا حق اسی صوبے کے عوام کا ہے، اور ان سے حاصل ہونے والی تمام آمدن مقامی آبادی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔غیر قانونی گولڈ مائننگ کے معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی گولڈ مائننگ جاری تھی، جس میں سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی سمیت دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 سے 85 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا اور مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہو رہا تھا، جس کے ذریعے عوام کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا گیا۔مشیر گورنر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف چار مرحلوں پر مشتمل آپریشن کیا، جس کے دوران ہزاروں مزدور اور 800 سے 900 ایکسکیویٹرز اور بھاری مشینری موجود پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر غیر قانونی سرگرمیاں اس وقت کی ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کے علم کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تاحال غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال ہونے والے چار مقامات کلیئر کرا لیے گئے ہیں اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔امن و امان اور کوہاٹ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ 11 نومبر کو کوہاٹ پولیس نے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کیا، اور واپسی پر پولیس قافلے پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملہ کیا، جس میں ڈی ایس پی سمیت دس پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنا، پولیس قافلے پر حملے اور غیر قانونی گولڈ مائننگ کے باہمی تعلق پر کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، اور سابق صوبائی حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مبینہ روابط کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر کوئی توجہ نہیں دی، تاہم اب صوبے کے وسائل کا تحفظ اور عوام کی خوشحالی یقینی بنائی جائے گی۔
