مشیر گورنر عثمان سیف اللہ خان کی اے آئی رائزنگ سٹارز میں شرکت

مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان نے اے آئی رائزنگ اسٹارز کے پروگرام میں شرکت کی، جس میں خیبر پختونخوا بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے 40 سے زائد طلبہ ٹیموں نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اپنے جدید آئیڈیاز، اختراعی پراجیکٹس اور عملی اطلاق پیش کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور انوویشن کے رجحان کو فروغ دینا اور ان کی صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر سامنے لانا تھا۔ طلبہ نے تعلیم، صحت، زراعت، ماحولیات، گورننس، کاروبار اور روزمرہ زندگی سے متعلق مختلف مسائل کے اے آئی پر مبنی جدید اور عملی حل پیش کیے۔پروگرام میں مہمان خصوصی مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان اور سیکرٹری ایس ٹی اینڈ آئی ٹی نثار خان نے شرکت کی۔ انہوں نے تمام سٹالز کا دورہ کیا، طلبہ کے پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان سے سوالات بھی کیے۔مشیر عثمان سیف اللہ خان نے شرکت کرنے والے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور پوٹینشل کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں اے آئی کا ٹیلنٹ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور یہ نوجوان صوبے کے ڈیجیٹل مستقبل کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے یہ طلبہ کل کے انوویٹرز، انٹرپرینیورز اور ٹیکنالوجی لیڈرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور انوویشن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ خیبر پختونخوا کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔سیکرٹری ایس ٹی اینڈ آئی ٹی نثار خان نے بھی طلبہ کے آئیڈیاز کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں