چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور تاجر برادری کے ساتھ اہم ترین اجلاس منگل کے روز کبینٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ چیف سیکرٹری نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے موقع پر ورکنگ گروپس/ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی جس میں متعلقہ محکموں کے حکام سمیت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران شامل ہیں۔اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، ایف پی سی سی آئی ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان، صوبے کے چیمبرز اور وویمن چیمبرز کے عہدیداروں، کے پی ایز مک، سمیڈا، کی پی بی او آئی ٹی اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ‘ون ڈسٹرکٹ ون انڈسٹریل اسٹیٹ’ کے نعرے کے تحت ہر ضلع میں کم از کم ایک انڈسٹریل اسٹیٹ کو قائم کیا جائے۔ اسی طرح ضلعی سطح پر چیمبر کے لئے اراضی کی الاٹمنٹ کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں ڈسٹرکٹ اکنامک کونسل کے اجلاس منعقد کریں اور ان میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں چیف سیکرٹری کو آگاہ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خیبر بینک بلا سود قرضے دینے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔چیف سیکرٹری نے ہر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پولیس چوکی اور بجلی فراہم کرنے والے محکمے کے کمپلینٹ آفس کے قیام کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کاروباری طبقہ اور تاجر برادری کے موجودہ معاشی حالات میں اور عام طور پر بھی صوبے کی خوشحالی میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے اور نجی شعبہ نوجوان کو ملازمت کے کثیر مواقع فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معیشت کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس کے لئے خصوصی توجہ اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،انکا مزید کہنا تھا کہ تمام بارڈر سٹیشنز کی فعالیت سے ہی تجارت بڑھے گی۔ صوبے میں صنعتوں کو ویلنگ ماڈل کے تحت بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ سرتاج احمد نے کہا کہ صنعتیں مشکلات کا شکار ہیں، کاروباری طبقے کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے صوبائی حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے۔اسی طرح صوبے میں جیمز سٹی کا قیام اور چیمبرز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ انتہائی ضروری ہے، متعلقہ محکمے فائنل ورک کو سہل کریں،چیف سیکرٹری نے فوری طور کاروباری طبقے کے بڑے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپس/کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ اور کمیٹیوں کو چند دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔چیف سیکرٹری نے تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ایکسپورٹ کوالٹی مصنوعات کی نمائش کرنے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرے گی۔