چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں کے ایک وفدسے ملاقات میں جڑانوالا میں مسیحیوں کی مذہبی عبادت گاہوں پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ ایک گلدستے میں مختلف پھولوں کی مانند ہیں۔ مسیحی برادری کے وفد نے منگل کے روز پشاور سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔ اس موقع پرچیف خطیب خیبر پختونخوا مولانا طیب قریشی، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں تمام اقلیتوں بشمول مسیحی برادری کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات کیئے گئے ہیں۔صوبائی حکومت، علمائے کرام اور عوام دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ چیف خطیب اور صوبے کے دیگر علمائے کرام کی طرف سے مسیحیوں کے گرجا گھروں پر حملوں کی مذمت قابل ستائش ہے۔ چیف سیکر ٹری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور حالیہ واقعات افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے امن کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے صوبائی کمیٹی کے اجلاس کی وہ خود صدارت کرینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتشار پھیلانے والے جتنی مرضی کوشش کر لیں اتنا ہی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیکر ٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ صوبائی سطح پر امن کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں اورضلعی سطح پر بھی امن کمیٹیوں کے اجلاس تواتر کے ساتھ منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اورنفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے اور اسی طرح لاوڈ سپیکر کے غلط استعمال پر کڑی نظر رکھی جانی چاہئے۔