یرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا خصوصی بچوں کے لیے مستقل سمر و ونٹر کیمپ کے انعقاد کا اعلان۔

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا خصوصی بچوں کے لیے مستقل سمر و ونٹر کیمپ کے انعقاد کا اعلان۔
نگران صوبائی وزیر کی نتھیاگلی میں خصوصی بچوں کے لیے منعقدہ پہلے پانچ روزہ سمر کیمپ میں شرکت، ملک بھر سے خصوصی بچوں کی صوبے کے سیاحتی مقامات پر میزبانی کریں گے۔ نگران وزیر اطلاعات، سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ۔
خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ خصوصی بچے ہماری ذمہ داری اور خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ آئندہ سال خصوصی بچوں کے سمر و ونٹر کیمپ کے انعقاد کو سیاحتی کلینڈر کا مستقل حصہ بنایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی اور ملک بھر سے خصوصی بچوں کو ونٹر و سمر کیمپ میں مدعو کیا جائے گا۔ سیاحتی مقامات پر بہترین سہولیات فراہم کر کے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو راغب کر رہے ہیں۔ نگران صوبائی حکومت صوبے میں دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ سیکورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھائی گئی ہے۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ان خیالات کا اظہار نتھیاگلی میں خصوصی بچوں کے لیے منعقد کیے گئے سمر کیمپ میں بطور میزبان اور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ سمر کیمپ میں پشاور اور ایبٹ آباد کے اسپیشل چلڈرن سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ بصارت سے محروم ان طلبہ میں بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بچے اور بچیاں بھی شامل تھیں۔ پانچ روزہ یہ سمر کیمپ محکمہ سیاحت، صوبائی ٹورازم اتھارٹی اور جی ڈی اے کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ خصوصی بچوں سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ آج خصوصی بچوں کے درمیان رہ کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ اس سمر کیمپ کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ خصوصی بچے آپس میں ملیں اور ایک دوسرے کے جذبات سے آگاہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں خصوصی بچوں کے لیے پہلی دفعہ سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ آئندہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی کلینڈر میں یہ ایک مستقل ایونٹ ہوگا۔ سال میں خصوصی بچوں کے لیے ایسے چار پروگرام منعقد کریں گے۔ اسی طرح ہر سال دوسرے صوبوں سے بھی خصوصی بچوں کی یہاں میزبانی کریں گے۔ نگران صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ خصوصی بچوں کے لیے ونٹر کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ کیونکہ یہ بچے ہمارے انتہائی اہمیت کے حامل مہمان اور ہماری ذمہ داری ہیں۔ ہمارا فرض ہے ان بچوں کا خیال رکھیں اور ان کو بہترین تعلیم و تربیت اور تفریح فراہم کریں۔ ملک میں موجود جنت نظیر سیاحتی اور پرفضا مقامات دنیا میں اور کہیں موجود نہیں۔ اس خوبصورتی کو دیکھنے کے لیے دل کی آنکھ چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ لوگ یہاں آئیں۔خیبرپختونخوا کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ سیاحت ذمہ داری کے ساتھ ہونی چاہیے۔ اپنے سیاحتی مقامات کی صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر سہولیات فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے تاہم  سیاح یہاں کی ثقافت اور مقامات کا خیال رکھیں۔ ملک کے اندر اور باہر سے سیاحوں کو راغب کر رہے ہیں۔تقریب میں بصارت سے محروم بچوں کو محظوظ کرنے کے لئے بصارت سے ہی محروم افراد نے اردو، ہندکو اور پشتو کے ثقافتی گانوں سے تقریب کو چارچاند لگائے۔ تقریب کے اختتام پر نگران صوبائی وزیر خصوصی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ قبل ازیں بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل ایبٹ آباد کے بصارت سے محروم خصوصی بچوں اور بچیوں کو ایبٹ آباد شہر سے نتھیا گلی کلب تک پروٹوکول میں لے کر گئے اور ان کے ہمراہ نتھیاگلی میں خوبصورت مقامات کی سیر بھی کی۔
بعد ازاں بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد محکمہ اطلاعات اور محکمہ سیاحت میں بہتری نظر آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی صورتحال میں بہتری نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کو دہشتگردی کے ناسور سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سیکورٹی اداروں کی استعداد میں اضافہ کیا ہے۔ نگران صوبائی حکومت پرعزم ہے کہ سیکورٹی مسائل پر قابو پالیں گے۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ نگران حکومت الیکشن کمیشن کے تابع ہے۔ الیکشن کمیشن سے جو ہدایات ملیں گی ان پر عملدرآمد کریں گے۔

مزید پڑھیں