چوکر کی بڑی کھیپ برآمد، مالک گرفتار، فیکٹری سربمہر کرکے بھاری جرمانہ بھی عائدکیا،کے پی فوڈ اتھارٹی
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے مصالحہ جات کارخانہ پر اچانک چھاپہ مارا اور چھ ہزار کلوگرام چوکر برآمد کرکے سرکاری تحویل میں لی اس سلسلے میں ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن -4 پشاور نے بخشو پْل کے قریب شیرداد گڑھی کے علاقے میں خفیہ اطلاع موصول ہونے پر مصالحہ فیکٹری پر اچانک چھاپا مارا اورکارروائی کے دوران فیکٹری سے 6 ہزار کلو گرام سے زائد چوکر برآمد کر لی گئی۔ چوکر کی بڑی مقدار مختلف مصالحہ جات میں ملاوٹ کے لئے استعمال کی جا رہی تھی۔ ٹیم نے مصالحہ بنانے والی فیکٹری سیل کر کے چوکر سرکاری تحویل میں لے لی جبکہ مالک کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق فیکٹری مالک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور فیکٹری مالک کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا، مالک نے تفتیش کے دوران بتایا کہ ملاوٹ شدہ مصالحوں کی بڑی کھیپ تیار کر کے شہر کے مختلف حصوں کو سپلائی کی جانی تھی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہا اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انکا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی کے لئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔