خیبر پختونخوا کے نگران مشیر آبنوشی، منصوبہ بندی و ترقیات اور مواصلات و تعمیرات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ انجینیئرز اور ٹیکنیکل ایکسپرٹس کو کسی بھی تعمیراتی منصوبے کو کم لاگت، بہترین ڈیزائن اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کرنا چاہیئے اور محدود وسائل کے اندر عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ نو تعینات انجینیئرز کو تربیت کے مواقع پر فراہم کریں گے تاکہ ان کے کام میں مزید نکھار لایا جا سکیں۔ ان حیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اکیڈمی فار رورل ڈیویلپمنٹ (پارڈ) میں پانچ روزہ تربیت حاصل کرنے والے نوتعینات ایس ڈی اوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مشیر آبنوشی نے تربیت میں حصہ لینے والے انجینیئرز کو ہدایت کی کہ عوام کے خادم بن کر ان کی خدمت کریں انہوں نے کہا کہ اپ لوگوں کا انتخاب میرٹ پر ہوا ہے اور مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپ کی عملی زندگی کا آغاز ہوا ہے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا لیں اور کوشش کریں کہ اپنی ڈیوٹی کے ساتھ انصاف کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبنوشی میں اپ لوگوں کی شمولیت ہماری ٹیم کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گی اور ہمیں امید ہے کہ ہم عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
پانچ روزہ تربیت میں ایس ڈی اوز کو ٹیکنیکل سینکشنز، پروکیورمنٹ رولز، جنرل فنانشل رولز، پراونشل رولز آف بزنس، آفس مینجمنٹ، افیشل حط و کتابت، سنٹرل پبلک اکاؤنٹس رولز اور محکمہ آبنوشی کے وژن، مشن اور منصوبوں بارے لیکچرز دیے جائیں گے۔