خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے اطلاعات،سیاحت و ثقافت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے عوامی جمہوریہ چین کے 74ویں قومی دن پر چینی عوام کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور آئرن برادر کے طور پر چین پاکستان میں سی پیک کے تحت سب سے بڑی 65 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کررہا ہے، سی پیک کے تحت خیبرپختونخوا میں جاری آٹھ بڑے و دیگر اہم منصوبوں سے معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے، خیبرپختونخوا کے صنعتی شعبے میں انقلابی منصوبہ رشکئی اکنامک زون سے ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اسی طرح معاشی پہیہ کو تیز کرنے کے لئے ڈی آئی خان موٹر وے، دیر ایکسپریس وے سمیت دیگر روڈ منصوبوں پر کام جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ‘چائنا ونڈو’ پشاور میں عوامی جمہوریہ چین کے 74 ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطورِ مہمان خصوصی خطاب میں کیا، تقریب میں نگران وزیر برائے سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی وسپورٹس ڈاکٹر نجیب اللہ سمیت، سیکرٹری انفارمیشن سید جبار شاہ، سینئر صحافی امجد عزیز ملک، پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک،پاک فوج و خیبرپختونخوا پولیس کے افسران، پشاور چیمبر آف کامرس و خیبر بینک کے عہدیداروں، جمشید علی خان، ادبی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی. تقریب میں قونصل جنرل ایران قونصلیٹ پشاور علی بنافشھہ خواہ نے خصوصی طور پر شرکت کی. نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک چین دوستی ستر سال پرانی ہے اور دن بہ دن اس کو تقویت مل رہی ہے، دن بہ دن مضبوط ہورہی ہے، اور انشا ء اللہ آگے بھی اسی طرح مضبوط ہوتی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کی اس ترقی سے سیکھنا ہوگا کہ انہوں نے ترقی کیسے کی، گڈگورننس اور بہترین معاشرے کے لئے اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہونا ہوگا، ترقیافتہ ممالک نے اسلامی اصولوں کو اپنایا اور ترقی کرتے گئے اور ہم اسلامی اصولوں سے دور ہوتے گئے اور زوال کا شکار ہوئے، کسی بھی معاشرے کی بنیاد میرٹ اور شفافیت ہے، عوام کو آگاہی ہونی چاہیے کہ حکومتیں کیا کررہی ہیں، میرٹ کا بول بالا ہوگا اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا تو نوجوان اونرشپ لیں گے اور ملک اور صوبہ ترقی کرے گا. چین نے بحیثیت قوم کرپشن کا خاتمہ کیا، میرٹ کو ترجیح دی اور آج ترقی میں سب سے اگے ہے، انہوں نے کہا کہ ایران سے بھی سیکھنے کی ضرورت ہے، نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ چائنا ونڈو میں خیبرپختونخوا کارنر اور نشتر ہال میں چائنا کارنر بنانے کی تجویز آئی ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ایران کارنر بنانے کا بھی عندیہ دیا. خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اس موقع پر دیگر مہمانوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا جبکہ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔