خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بدھ کے روز محکمہ سیاحت کے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وادی کمراٹ میں سیاحت اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے. آن لائن اجلاس میں سیکرٹری سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ اور میوزیم ڈیپارٹمنٹ مطاہر زیب، چیئرمین کے ڈی اے سفید شاہ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے عرفان خان، اور دیگر ممبران سمیت اہم حکام نے شرکت کی، جس کا مقصد کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اقدامات کو تیز کرنا تھا۔ نگران وزیر نے وادی کمراٹ کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے جامع کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حکام کو وادی کمراٹ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وادی کے قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ اس کے نباتات اور حیوانات کا تحفظ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس میں سیاحت کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے، فضلے کا انتظام اصولوں کے مطابق کرنے، سیاحوں میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے اور علاقے میں حیاتیاتی تنوع کا تحفظ یقینی بنانے جیسے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا. اجلاس میں مروجہ قوانین کے تحت کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا اور اس میں بہتری لانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں کے ڈی اے کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات بھی تجویز کیے گئے۔ نگراں وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور اقدامات کی شفافیت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ رپورٹ پیش کریں۔