محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام جمعرات کے روزمتحدہ علماء بورڈ کے تعاون سے سیرت النبی ص کانفرنس کا انعقاد

محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام متحدہ علماء بورڈ کے تعاون سے پشاور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر برائے قانون و انسانی حقوق،اوقاف و مذہبی امور جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات تمام بشریت کے لیے اسوہ حسنہ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے اس وقت تنگ نظری اور فرقہ واریت کے دائرہ سے نکل کر امت میں اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تاکہ مسلمان علمی اور فکری بنیادوں پر عالمی نظم و نسق میں کردار ادا کر سکیں۔ انسانی زندگی کے تمام مسائل کا حل اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔انسانیت کا رشتہ ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔نگران صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ معاشرے میں سیرت کی ترویج کے لیے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے محکمہ مذہبی امور سے بھی کہا کہ وہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔نگران صوبائی نے کہا کہ علماء معاشرے میں برائی کی روک تھام کیلئے جہاد کررہے ہیں اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کریں گے ان کے مسائل کوترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کتنی بھی ترقی کر لے آپس کی بھائی چارگی، محبت اور پیغام امن کا درس محسن انسانیت کی تعلیمات سے ملتا ہے۔جس میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مدینہ پہنچتے ہی پہلا درس تعلیم اور سماج کی ترقی کا دیا۔ صحابہ کرام کو جمع کر کے وہاں کی ماحول سازی کی۔ دینی ترقی ہو یا ملکی، سائنسی ایجادات یا ٹیکنالوجی ہر امور کے لیے ماڈل تعلیم رسول ہے۔ ترقی کی منازل کے لیے معلم کائنات کی زندگی کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی قیام امن اور بھائی چارہ اخوت و محبت انسانیت کی فلاح و بہبودی کا پیغام ہمیں سیرت طیبہ سے ملتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا کے سامنے سماج، تعلیم و تربیت، تجارت سیاست معیشت و عدالت اور بین الاقوامی نظام کا ڈھانچہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور طلباء کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات اٹھارہے ہیں۔ مختلف مدارس میں کیمپوٹر لیبز تعمیر کی جارہی ہیں۔ جن سے مدارس کے طلباء بہترین طریقے سے مستفید ہوسکیں گے۔ سیرت النبی کانفرنس میں علماء کرام نے اپنی تقاریر میں حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو مسلمانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔کانفرنس کے اختتام پر سیکرٹری حج، اوقاف اور مذہبی امور ڈاکٹر اسد علی نے صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کو شیلڈ پیش کی جبکہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے علماء کرام کو بھی شیلڈ دی گئیں۔

مزید پڑھیں