چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد، نگران وزیر اطلاعات کی خصوصی شرکت

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، کھلی کچہری کی صدارت چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کی، جنہوں نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں، نگران وزیر اطلاعات، ثقافت اور سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بھی کھلی کچہری میں خصوصی طور پر شرکت کی۔کھلی کچہری میں صوبائی دارالحکومت اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل چیف سیکرٹری اور نگران وزیر اطلاعات کے سامنے رکھے۔افتتاحی کلمات میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کھلی کچہری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کے مسائل کو براہ راست سننے اور ان کو فوری حل کرنے کا موثر ذریعہ ہیں. انہوں کہا کہ سرکاری محکموں، ڈویژنل اور اضلاع کی انتظامیہ کو کھلی کچہری کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی واضح ہدایات پہلے سے ہی جاری کر دی گئی ہیں۔ اور اسی سلسلے میں چیف سیکرٹری آفس میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بھی کھلی کچہری میں شرکت کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کو غور سے سنا، اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے عوام کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو صحیح طور پر سمجھنے اور ان کے فوری حل میں کھلی کچہری کو موثر پلیٹ فارم قرار دیا. انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے لیے عوام کا اطمینان بہت ضروری ہے اور اس طرح کے اقدامات، شفافیت، احتساب اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اہم ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کھلی کچہری کے دوران اٹھائے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو موقع پر فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے عوام کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور چیف سیکرٹری کے دفتر میں کھلی کچہری کے انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کی یہ روایت برقرار رکھی جائے گی۔

مزید پڑھیں