محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات فروشوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی کاروائی ایکسائز انٹیلی جنس بیورو نے پشاور میں کی ہے جس میں بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے دو اہم کارندے گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے 80 عدد (588 گرام) ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ملزمان ہیروئن بھرے کیپسول پہلے پنجاب اور بعد ازاں خلیجی ممالک کو سمگل کرنے والے تھے۔ دونوں ملزمان حنیف اللہ ولد امین گل اور عبدالواجد ولد نبی گل ساکنان باڑہ ضلع خیبر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ دوسری کاروائی میں تھانہ ایکسائز مردان نے منشیات سمگلنگ اور ڈیلینگ میں سہولت کاری پر دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے موبائل فونز سے منشیات کی خرید و فروخت اور منی چینر کے ذریعے رقم کی ترسیل کے اہم شواہد ملے ہیں۔ ملزمان کو خفیہ اطلاع پر رشکئی انٹر چینج کے قریب شدید مزاحمت کے بعدگاڑی نمبر LE 7337 سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان نصراللہ ولد امان اللہ اور محمد اسماعیل ولد رحمن گل ساکنان گلشن کالونی لنڈے سڑک کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح تیسری کاروائی تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد نے کی ہے۔ مخبر نے اطلاع دی کہ کیلنک کی آڑ میں منشیات فروشی کا کاروبار ہو رہا ہے، جس پر ایکسائز عملے نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے الشفاء ہومیو کلینک گڑھی روڈ مانسہرہ پر چھاپہ مارا جہاں پر 18 لیٹر شراب اور 1120 گرام چرس برآمد کر لیا اور ملزم محمد جمیل ولد محمد یونس ساکن مانسہرہ موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کا بھائی دوسرا ملزم محمد شفیق ساکن مانسہرہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا،مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔