خیبرپختونخوا نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ جب تک بچوں کی تربیت پر توجہ نہیں دی جائے گی معاشرہ آگے نہیں بڑھے گا، تربیت اور سہولیات سب کو یکساں طور پر مہیا کرنا ہوگا، یتیموں کا خصوصی خیال رکھنا ہوگا، قرآن مجید میں 22 جگہ یتیموں کے بارے میں احکامات موجود ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو دیکھیں، ان کے احکامات کو دیکھیں، یتیموں کے ساتھ ان کے شفقت کو دیکھیں سب جگہ یتیموں سے حسن سلوک کا سبق ملتا ہے، تعلیم و تربیت کے بعد بچوں کو ان کے محنت کا صلہ ملنا چاہیے، ان کو یہ احساس بھی دینا ہے کہ کسی فورم پر بھی ان سے ناانصافی نہیں ہوگی ان کا حق نہیں مارا جائے گا تب ہی وہ اونرشپ لیں گے، اس ملک کی ذمہ داری لیں گے، حکومت خیبرپختونخوا گوڈ گورننس پر عمل پیرا ہے، مقصد میرٹ کی بالادستی اور شفافیت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالم آباد صوابی میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا. اس موقع پر اعلیٰ سول و ملٹری آفیسرز، کورٹ ادارے کے عہدیداروں سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، تقریب میں شرکت کیلئے آذاد کشمیر میں قائم کورٹ ادارے میں زیر تعلیم طلباء و طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی. کورٹ ادارے میں زیر تعلیم بچوں نے تقاریر، ٹیبلو، ڈرامہ، قوالی اور ملی نغموں کی صورت میں بہترین فن کا مظاہرہ کیا جس پر شرکاء نے طلباء و طالبات کو داد دی. شرکاء سے خطاب میں نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کورٹ ادارے کی جانب سے صوابی میں ایجوکیشن کمپلیکس تعمیر کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امر کو دوسروں کے لئے بھی قابل تقلید قرار دیا. انہوں نے کہا کہ صوابی کو شہید کیپٹن کرنل شیرخان کی وجہ سے منفرد حیثیت حاصل ہے، شہید کیپٹن کرنل شیرخان جیسے سپوت صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، مقامی افراد نے زمین بلا معاوضہ فراہم کرکے ایک عمدہ مثال قائم کی. نگران وزیر نے یتیموں کی کفالت سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ خود بھی تعلیم کے سلسلے میں لندن میں مقیم رہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے احساسات سے بخوبی آگاہ ہیں اور کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ جائز اور ناجائز میں فرق کے لئے شعور کی بیداری اہم ہے.خطاب میں انہوں نے صوبے اور ملک سے برین ڈرین کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی اور میرٹ کی پامالی کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا. انہوں نے کہا کہ میرٹ اور نظام میں شفافیت سے نوجوانان اونرشپ لیں گے، اور ملک کے نظام کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے. تقریب سے خطاب میں بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ محکمہ سیاحت کو خصوصی بچوں کے لئے ٹوور منعقد کرنے کے احکامات دئے ہیں اور اس سلسلے میں بینائی سے محروم بچوں کو گلیات کا دورہ کرایا گیا اور یتیم بچوں کے لئے بھی خصوصی ٹوور سروس فراہم کریں گے تاکہ یہ بچے خیبرپختونخوا کی خوبصورتی دیکھیں اور محظوظ ہوں. تقریب سے پیر سلطان العارفین، کور ٹرسٹ کے سربراہ چوہدری اختر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ایئر چیف مارشل سہیل امان، ائیر کموڈور محمد شبیر، لاہور قلندر کے اونر عاطف رانا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔