خیبر پختونخوامیں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں پر سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کو ساز گار ماحول اور سہولیات میسر ہوں۔انھوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی میں نجی سرمایہ کاری اور کاروبار کو تقویت دینے کا کلیدی کردار ہے کیونکہ دنیا کے اکثر ممالک نجی شعبے کو سہولت اور اہمیت دینے کے نتیجے میں ترقی سے ہمکنار ہوئے ہیں لہذا حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز پشاور کے مقامی ہوٹل میں خیبر پختونخوا میں چھوٹے ودرمیانی درجے کے کاروباری حضرات اور سرمایہ کاروں کی باہمی رابطہ کاری”خیبر پختونخوا ایس ایم ایز اینڈ انوسٹرز نٹ ورکنگ” کے حوالے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کا اہتمام خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے یو این ڈی پی کے اشتراک سے کیا تھا جس میں متعلقہ سرکاری اداروں کے حکام،سرمایہ کاروں،کاروباری حضرات،یو ین ڈی پی کے نمائندوں اور دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر نگران وزیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نجی شعبے کو تقویت دینے اور سرمایہ کاری کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کچھ ممالک نے اپنے عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے تو سرکاری شعبے کا استعمال کیا جبکہ چین جیسے ممالک نے نجی کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سہولیات اور آسان مواقع دینے کے نتیجے میں ترقی کے منازل طے کئے اور اپنے عوام کو کامیابی کیساتھ غربت کی دلدل سے نکالا۔نگران وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی 25 سالہ تاریخ اس بات کی بین گواہ ہے کہ ترقی حاصل کرنے والے ممالک میں نجی شعبے کو اہمیت دینے اور سرمایہ کاری کیلئے راستے ہموار کرنے والوں کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں صوبے میں ادنی اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوششیں کرنی ہیں۔نگران وزیر نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد صوبے کی آبادی میں 55 لاکھ نفوس کا اضافہ ہوا ہے۔ان علاقوں کی پا ئیدار ترقی میں حکومتی وسائل پر انحصار نہیں کیا جا سکتا بلکہ انکے کیساتھ ساتھ نجی سرمایہ کاری اور وہاں پر کاروبار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کا مشن صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا ہے جو صوبے کی معاشی ترقی کیلئے اہم قدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کو منعقدہ نشست کے ذریعے ایک ہی پلیٹ فارم کے تحت کاروبار شروع کرنے کیلئے نت نئے مفید خیالات کا تبادلہ کرنے کیلئے موقع فراہم کرنا بورڈ کا احسن اقدام ہے جس میں یو این ڈی پی اور مالی معاونت فراہم کرنے والی ایجنسی کا تعاون قابل تعریف ہے۔

مزید پڑھیں