نگران صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر انوارالحق کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ خان نے گرانفروش قصائیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔چند روز قبل ضلعی انتظامیہ نے گوشت کے نرخ مقرر کئے تھے۔جس سے قصائیوں نے انحراف کرتے ہوئے 800 روپے فی کلو گوشت فروخت کرنا شروع کیا تھا۔جس کے بعد 15 قصائیوں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا۔ یادرہے کہ ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے بڑے گوشت کی قیمت فی کلو 650 روپے رکھی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر محب اللہ یوسفزئی نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور گرانفروشی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اسی طرح ٹی ایم اے خار کے عملہ نے فرش تنگی اور گنگ روڈ پر غیر قانونی اور غیر ضروری سپیڈ بریکرز ہٹائے۔ اہلکاروں نے سڑک پر بنائے گئے غیر قانونی اور بلا اجازت سپیڈ بریکرز ہٹادی تاکہ عوام الناس کو آمدورفت میں آسانی ہو اور ساتھ ہی سپیڈ بریکرز بنانے والوں کو متنبہ کیا کہ سڑک پر غیر ضروری بلا اجازت سپیڈ بریکرز بنانے سے گریز کریں بصورت دیگر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 شیڈول 4کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی سڑک پر سپیڈ بریکرز بنانا قانونی جرم ہے جس کی سزا پانچ سال قید وجرمانہ ہے۔