ضم اضلاع کی ترقی کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام، نگران وزیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع،صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے کمیٹی روم میں ضم اضلاع کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور محمد عابد مجید کے علاوہ کمیٹی میں شامل دیگر متعلقہ محکموں،11 کور اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے نگران وزیر کو بطور چیئر مین سٹیئرنگ کمیٹی، فورم کے قیام کے اغراض و مقاصد اس کی ذمہ داریوں اور ممکنہ اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر انھیں آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور وہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے ازالے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے کیلئے حکومت نے ان اضلاع کے امور کیلئے الگ وزارت قائم کی ہے لہذا اس ضمن میں حکومتی وژن کے مطابق بروقت اور عملی اقدامات اٹھانے کیلئے نگران وزیر کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں ضم اضلاع کی ترقی،انتظامی و دیگر امور سے جڑے تمام اداروں اور محکموں کو رکنیت دی گئی ہے۔اں کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی معاونت کیلئے ایک ڈیلوری یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جسکا بنیادی مقصد وہاں پر ترقیاتی منصوبوں،خصوصی اقدامات،ترقیاتی عمل اور حکومتی پالیسی جیسے عوامل پر نظر رکھنے اور حکومتی احکامات کے نفاذ کو عملی بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔نگران وزیر کو مزید بتایا گیا کہ ضم اضلاع کے امور کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے محکمہ داخلہ و قبائلی امور میں سپیشل سیکرٹری ضم اضلاع کی سربراہی میں مذکورہ ڈیلیوری یونٹ سٹیئرنگ کمیٹی کیلئے سیکرٹریٹ کے طور پر خدمات فراہم کرے گا اور ان اضلاع کے امور کو چلانے کیلئے فی الحال موجودہ عملے سے ہی خدمات لی جائیں گی۔ان کو بتایا گیا کہ یونٹ کے فراہم کردہ اہداف کو محکموں سے وصولی اور ان علاقوں میں سرکاری امور کی الیکٹرانک رپورٹنگ کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ مذکورہ یونٹ کی معاونت حاصل کی جائے گی۔اس موقع پر نگران وزیر کو وزیر اعلی کی سربراہی میں ضم اضلاع کی ترقی و امور کیلئے قائم ٹاسک فورس میں اٹھائے جانے والے اقدامات اور فیصلوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور ان کو ضم اضلاع میں ترقیاتی سفر کیلئے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات اور ان کی حالیہ رفتار،معاشی ترقی کے پراجیکٹس،انتظامی ضروریات پر لئے گئے اقدامات اور دیگر امور سے متعلق بریف کیا گیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام ضم اضلاع کو ترقیاتی عمل میں یکساں طور پر شامل کرنے کیلئے وہاں کے عوام کیلئے حکومتی اقدامات کو تیز کرنے اور ان علاقوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں