پشاورمیں تعینات امریکی قونصل جنرل شانتے مور نے صوبے میں حکومتی سطح پر بجلی کی پیداوارکے لئے کام کرنے والے ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کے ہیڈ آفس پشاور کا دورہ کیا اورصوبے میں آبی وشمسی توانائی کے دستیاب قدرتی وسائل سے جاری توانائی منصوبوں پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال کی بہتری اورماہرافرادی قوت کی فراہمی کو ناگزیرقراردیاہے۔پیڈوآفس کے دورے کے موقع پر انکے ہمراہ پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف ڈوسٹن ڈیگرینڈی اوراکنامک سپیشلسٹ شاہد اسلام تھے۔ چیف ایگزیکٹیو پیڈوانجینئرنعیم خان نے امریکی قونصلیٹ کے عہدیداروں کو صوبے میں پیڈوکے جاری منصوبوں کے بارے میں جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پیڈوصوبے میں 2ہزارمیگاواٹ بجلی کی پیداوارکے متعدد منصوبوں پر کام کررہا ہے جن میں حکومتی سطح پر771میگاواٹ،نجی شعبے کے تعاون سے800میگاواٹ اورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت467میگاواٹ کے منصوبے شامل ہیں۔ان منصوبوں میں پن بجلی اور شمسی توانائی سمیت عوام کی سماجی ترقی کے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں توانائی کے جاری بحران پر قابوپانے اورعوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے پیڈونے آئندہ 10سالوں کے لئے بزنس اینڈ فنانشل پلان ترتیب دیاہے۔جس کے لئے ملکی وبیرونی سرمایہ کاری اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پیڈوکے بعض توانائی منصوبوں میں امریکی مالی تعاون کے لئے بعض تجاویز بھی پیش کیں جن میں نئی ٹرانسمشن لائنوں کی تعمیر،ریسورس سنٹروموبائل ورکشاپس کا قیام،پیڈوکی سولرائزیشن سمیت توانائی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے فنانسنگ شامل تھی۔ آخرمیں امریکی قونصل جنرل کو پیڈوچیف نے ادارے کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی دی۔