خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے عوام کو خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سب جیل نوشہرہ کا دورہ کیا جبکہ کاکاصاحب میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں بھی شرکت کی.جیل دورے کے موقع پر نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بیرکوں،لنگر خانے اور ڈسپنسری کے معائنے کئے اور قیدیوں سے مشکلات بارے میں بھی دریافت کیا.جیل کے انچارج آفیسر بیت اللہ نے نگران وزیر اطلاعات کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جیل میں 171 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ فی الوقت 527 قیدی جیل میں موجود ہیں۔نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ نوشہرہ سب جیل میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدیوں کی موجودگی بڑا مسلہ ہے جس کے حل کے لیے سب جیل میں توسیع یا نئے جیل کی تعمیر سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا. انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ کو بعض ذہنی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کے فوری علاج معالجے کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی. ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ کے دورے کے موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں اور مریضوں کے تیمارداروں سے ملاقاتیں کی اور مریضوں کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انکے معیار کا جائزہ لیا۔اس موقع پرڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر شعیب خان نے انھیں، مریضوں کو فراہم کی گئی سہولیات اور مسائل کے بارے میں بریفنگ دی. ہسپتال دورے کے موقع پر انہوں نے انتظامیہ کو عوامی شکایات پر توجہ دینے کی ہدایت کی اور دوائیوں اور علاج کے لئے دیگر سہولیات کی باہم فراہمی یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کئے. دریں اثناء نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کاکاصاحب میں ضلعی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق عوامی شکایات سنیں. ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد خٹک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایس ڈی او ضیاء الرحمن اور دیگر متعلقہ حکام اور علاقے کے عوام نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے کاکاصاحب میں صاف پانی کی عدم فراہمی کا مسئلہ زیرِ بحث لایا گیا جس پر نگران وزیر اطلاعات نے پبلک ہیلتھ حکام کو مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے کہا کہ ہر محلے کو ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مزکورہ 11 ٹیوب ویلز میں آپریٹرز تعینات کیے جائیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانی کے حوالے سے عوامی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے اور انھوں نے اس ضمن میں حکام کو پیشرفت رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرنے کی بھی ہدایت کی۔