نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عامر جاوید، ایس او ایس ولیج پشاور کے منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) قلندر علی خان نے چیف سیکرٹری آفس پشاور میں گزشتہ روز ملاقات کی،ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری بھی موجود تھے،ملاقات میں یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے ایس او ایس ویلج پشاور کے کردار پر گفتگو کی گئی۔چیئرمین مینجنگ کمیٹی ایس او ایس ولیج پشاور جسٹس (ر) قلندر علی خان نے یتیم بچوں کی کفالت کے لئے ایس او ایس وییج پشاور میں موجود سہولیات اور ادارے کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے یتیموں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کو ایک مشترکہ ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ ایس او ایس ویلج جیسے اداروں کا اس ضمن میں بہت ہی اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کا کردار بھی مسلمہ ہے اور نجی فلاحی ادارے اس ضمن میں بہترین خدمات فراہم کررہے ہیں،باہمی اشتراک اور سرپرستی سے یتیموں کی کفالت جیسے اہم فریضے کو بہتر طریقے سے نبھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پیغمبرِ اسلام خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی زندگی اور اسوہ حسنہ سے سیکھنا ہوگا اور احکامات پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور پیغمبرِ اسلام خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی مبارک زندگی سے ہمیں یتیموں کے ساتھ حسن سلوک اور شفقت کا درس ملتا ہے۔ملاقات میں ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عامر جاوید نے نگراں وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے صوبے کے قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا۔