صوبائی وزیر نے خواتین کی حوصلہ افزائی اور معاشرتی بہبود پر دوستی پشاور ویمن لٹریچر فیسٹیول سے خطاب

صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات، سماجی بہبود، ویمن ایمپاورمنٹ، جسٹس ریٹائرڈ قیصر ارشاد نے کہا ہے کہ ہماری خواتین میں بھر پور صلاحتیں موجود ہیں ضرورت انہیں اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہے۔یہ باتیں انہوں نے 9 نومبر 2023 کو دوستی پشاور ویمن لٹریچر فیسٹیول کے پہلے ایڈیشن کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوکیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے اس طرح کی تقاریب کے انعقاد سے خواتین کی صلاحتیں نہ صرف ابھر کر سامنے آتی ہیں بلکہ وہ اپنا، صوبے اور ملک کا نام بھی روشن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے پانچ روزہ ادبی میلے کے انعقاد پر منتظمین اور شرکا کو مبارکباد پیش کی۔
یہ تاریخی میلہ 6 نومبر سے 10 نومبر 2023 تک جاری رہا، جس میں خواتین مصنفین، ادب کے شائقین، فکری رہنماؤں اور شاعروں کو اکٹھا کیا گیا۔ فیسٹیول میں طلباء کی بڑی تعداد وقتاً فوقتاً ان سیشنز میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتی رہی، اس دن کی ایک اہم خصوصیت شہید بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے کیٹرنگ ہال میں یوم اقبال کی تقریب تھی جس میں متعدد مصنفین اور شاعروں نے شرکت کی اور علامہ اقبال کی شاعری، فلسفہ اور ہماری قوم کے لیے اتحاد کے شاندار پیغامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ قیصر ارشاد نے اس شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں درکارقسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے گیسٹ آف آنر ڈاکٹر سید حسین شاہد سہروردی نے خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارا مذہب خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں حقوق دیتا ہے۔اس موقع پر میلے کے بارے میں ایک دستاویزی ویڈیو مہمانوں اور سامعین کو دکھائی گئی جس میں میلے کے تمام واقعات کی تصویر کشی کی گئی۔ کہانی سنانے کے اثرات کو بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے طلباء نے ایک ایکٹ کی شکل میں دکھایا۔افغان بے گھر خواتین کو درپیش شناخت شدہ چیلنجز پر ایک پریزنٹیشن دائمن گل نے پیش کی۔ فیسٹیول کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے فیسٹیول کے منتظمین اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی نوجوان قابل خواتین میں شیلڈز اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔

مزید پڑھیں