خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود،سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے پنجاب کے نگران وزیر برائے صنعت و تجارت و زراعت ایس ایم تنویر اور نگران وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ اظفر علی ناصر نے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ صوبائی وزراء نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، بزنس کمیونٹی اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاورکے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پرپنجاب اور خیبرپختونخوا میں کاروباری سرگرمیوں کے مواقعوں اور زرعی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیاگیا ہے۔سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں نئے کارخانے لگانے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ خواتین سرمایہ کاروں کو بھی معاشی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہاکہ پنجاب کے پاس گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ خیبرپختونخوا کو گندم فراہم کرنے کیلئے تیارہیں۔پنجاب کی نگران حکومت، زراعت کے ذریعے قومی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔زرعی شعبے کی ترقی کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے 10سالہ پلان تیارکیاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کرملک کو معاشی طور پر مستحکم کیاجاسکتا ہے۔ ملک کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی تو ہی ملک آگے بڑھے گا۔ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے بتایاکہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے صوبائی حکومت صنعت کاروں کو ہرممکن سہولتیں دے رہی ہیں۔

مزید پڑھیں