خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینز کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔

خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینز کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔ دونوں اداروں کے درمیان معاشرے کے پسماندہ اور نظر انداز طبقے خاص کر خواتین، خواجہ سراؤں، اور اقلیتوں کو معلومات تک رسائی کے قانون اور اس کے فوائد سے متعلق آگاہی دینے اور تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ مفاہمت کی یاداشت پر خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کی چیف انفارمیشن کمیشنر محترمہ فرح حامد خان، اور بلیو وینز کے ڈائریکٹر جناب قمر نسیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن کے سیکرٹری انیس الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹڑ کمیونیکیشن سید سعادت جہاں، ڈپٹی رجسٹرار ناظم شہاب قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر اور ایڈمینسٹریٹیو آفیسر نور سید کے ساتھ ساتھ بلیو وینز کی مانیٹرینگ اینڈ ایولوشن آفیسر زرتاشہ عابد اور لیزان آفیسر ایوب خان بھی موجود تھے۔ مفاہمت کی یاداشت کے تحت، خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینزکے مشترکہ تعاون کے ساتھ خیبر پختونخوا کے مخصوص اضلاع یعنی پشاور،مردان، ہری پور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، ملاکنڈ، دیر لوئر،چترال، ڈی آئی خان، خیبر اور کرم میں معلومات تک رسائی کے قانون سے متعلق عوام کی آگاہی کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ جن میں اس اقانون سے متعلق آگاہی سیمینارز،ٹریننگز، آگاہی بینرز کی تنصیب،اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر آگاہی ویڈیوز چلانا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بلیو وینز دیگر شراکت داروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے لیے کمیشن کی مدد بھی کرے گی تاکہ معلومات تک رسائی کے پیغام کو صوبے کے کونے کونے تک پہنچایا جا سکے۔مفاہمت کے تحت دونوں ادارے توقع کرتے ہیں کہ معلومات کے آزادانہ بہاؤ سے شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جو خیبر پختونخوا میں لوگوں کو بااختیار بنانے کا باعث بنے گی۔

مزید پڑھیں