اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل علی بنافشہ خواہ نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات، ثقافت اور سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے تفصیلی ملاقات کی۔ پشاور میں ہونے والی اس ملاقات میں ایران اور صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر بات چیت کی گئی. اجلاس میں عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے اور خیبر پختونخوا اور ایرانی شہروں کے مابین موجود سیاحت کے امکانات کو پرکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ ملاقات میں ایران اور خیبرپختونخوا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد کے تحت تجارت کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اطلاعات اور قونصل جنرل نے ثقافت، ورثے، خوراک اور روایات کو اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ میٹنگ کا مرکزی محور ایرانی شہروں اور خیبر پختونخوا کے درمیان سڑک، سمندری اور ہوائی راستوں کے استعمال کے ذریعے سفر کو آسان بنانے کے اقدامات کرنا تھا۔ اس میں خیبرپختونخوا کے سیاحوں اور تاجروں کو ایرانی شہروں تک رسائی دینے کے لئے اسلام آباد یا پشاور سے براہ راست ہوائی پروازوں پر بات چیت بھی شامل تھی۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات نے ایران اور خیبرپختونخوا میں مذہبی اور ماحولیاتی سیاحت کے منفرد مواقع پر زور دیتے ہوئے مشترکہ تقریبات اور تہوار منانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ قونصل جنرل علی بنافشہ خواہ نے پرتپاک استقبال کے لیے وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی سیاحوں کو خیبرپختونخوا کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کی اہمیت پر بھی بات کی. صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے سفارتی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا. ملاقات میں قونصل جنرل علی بنافشہ خواہ نے وزیراطلاعات خیبر پختونخوا کو ایران میں ہونے والی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی. ملاقات میں دونوں نے مسئلہ فلسطین پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کی آواز کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں مثالی کردار ادا کر رہا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی جبکہ منطقی انجام تک فلسطین کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔