نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے منگل کے روز پشاور میں تعینات امریکن قونصل جنرل شانتی مور نے وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور امریکی ترقیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مختلف شعبوں میں امریکی حکومت اور اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، امید ہے سوشل سیکٹرز میں امریکی حکومت صوبے کے ساتھ تعاون کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اور امریکی ترقیاتی ادارے مختلف شعبہ جات بشمول پولیس، تعلیم، صحت، زراعت میں تعاون فراہم کر رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں پر محیط بد امنی کی وجہ سے یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں ۔ ان جنگ زدہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ضم اضلاع میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر ، امن و امان کو بہتر بنانا، تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ نگران صوبائی حکومت ان شعبوں میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کرے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ امریکی قونصل جنرل شانتی مور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دوستانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جائے گا۔