ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز حکومت خیبر پختونخواکے احکامات کی روشنی میں بروز بدھ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انفیکشن کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ہاشم الدین اعظم خان، چیئرمین میڈیسن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اویس نعیم، نرسنگ ڈائیریکٹر عصمت پاشا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین کنٹرول کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ہاشم الدین نے کورونا کے نئے ویرنٹ اور دیگر موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کے بارے میں آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا قلیدی کردار اور تمام سٹاف کی قربانیاں بے مثال ہیں ہم نے ماضی میں کورونا کی سخت سے سخت لہرمیں ہر ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی ہیں اور بہت کچھ ہمیں سیکھنے کو بھی ملا اور اسی طرح آنے والی خدانخواستہ کسی بھی وباء کا ہم ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں جس کے لیے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کورونا وارڈ دوبارہ بحال کرنے کی بھی درخواست کی جس کے لیے اجلاس میں پرانے آئسولیشن اورپرانی ایمرجنسی عمارت کو مختص کرنے کافیصلہ کیا گیا جس میں تمام تر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے 24 گھنٹے کی سروسز بحال کی جائے گی۔اجلاس سے اپنے خطاب میں میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد آیاز خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے سینیئر ڈاکٹرز ہر وباء اور ایمرجنسی صورتحال میں پیش پیش رہے ہیں یہاں کے تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹروں کی عوام کے لیے اور اس ادارے کے لیے خدمات کو ہمیشہ کے لیے سراہا جائے گا، انھوں نے کورونا کے نئے جے این ون ویرنٹ اور سینے کی دیگر بیماریوں کے پھیلاؤاور حکومت خیبر پختونخواکے احکامات کی روشنی میں ہسپتال میں اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں جن میں کورونا کے مریضوں کے لیے ایک الگ وارڈ مختص کرنا، علیحدہ لیبارٹری اور ویکسینیشن کے لیے ڈی جی ہیلتھ کے ساتھ روابط تیز کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔