خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ جنگلات قوم کا حقیقی قیمتی اثاثہ ہیں جنگلات کا تحفظ بحیثیت قوم ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اسلئے ہم سب کو جنگلات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا بلین ٹری پلس اور شجر کاری مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنانے کیلئے عوام کے تمام طبقوں بالخصوص نوجوانوں کے علاؤہ محکمہ جنگلات و ماحولیات کو اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ جنگلات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات نظر حسین شاہ نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کو شجر کاری مہم، بلین ٹری پلس اور محکمہ کے کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ اوراسکے اضافے کو یقینی بنانا ضروری ہے اسلئے جنگلات کے تحفظ کے لیے مقامی لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام بھی اس قیمتی اثاثہ کی حفاظت کریں کیونکہ بحیثیت قوم درخت کونقصان سے بچانا اور جنگلات میں اضافہ ہم سب کا مشترکہ قومی فرض بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور دین کا تقاضا ہے جنگلات کی اہمیت سے متعلق عوام کو آگاہی دینا ضروری ہے تاکہ عام لوگوں کی شمولیت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری افسران و اہلکاران عاجزی کے ساتھ لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے رکھیں انصاف، انسانیت اور خودداری سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کریں۔