خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے شمالی وزیرستان کے تاجر اوردکاندار برادری اور قبائلی عمائدین نے ان کے دفتر پشاور میں ملاقات کی اور مشیر اطلاعات کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران میران شاہ بازار کو ملیامیٹ کیا گیا تھا تو ان کی دکانیں بمعہ سامان جنگ کی نذر ہوگئیں۔ وفد نے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو بتایا کہ تحریک انصاف کی پچھلی حکومت نے متاثرہ دکانداروں کے نقصان کے ازالے اور معاوضے کیلئے فنڈ ریلیز کر دیئے تھے لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود انہیں مذکورہ رقم موصول نہیں ہوئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفد کو ان کے معاوضے کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کو اس معاملے میں آگاہ کریں گے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع میں دکاندار و تاجر برادری کے مسائل سے باخبر ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں میں بھی مصروف ہے۔ دکانداروں نے مشیر اطلاعات بیرسٹرڈاکٹر سیف کو بتایا کہ انتہاپسندوں کے خلاف آپریشن میں ساڑھے چھ ہزار سے زائد دکانیں مکمل طورپر تباہ ہوگئی تھیں جن کے نقصانات کا تعین کرنے کیلئے قائم کمیٹی نے ساڑھے اکیس ارب سے زائد نقصانات کا تخمینہ لگایا، جس پر حکام نے ساڑھے چھ ارب تک کا معاوضہ دینے کی حامی بھرلی، تاہم آج دس سال گزر نے کے باوجود نقصانات کا ازالہ نہیں ہوسکا۔