خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے سیدو میڈیکل کالج سوات میں نرسوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمن،سیدوشریف گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر اسرار الحق، ایم ایس ڈاکٹر شرافت علی اور ہسپتال میں خدمات سر انجام دینے والی نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام نرسوں کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں، نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، نرسنگ ایسا شعبہ ہے جسے جتنا بھی سراہا جائے کم ہے کسی بیمار کی مدد،دلجوئی اور علاج بھی عبادت ہے ہم نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کرکے دعائیں لینی ہیں، انہوں نے کہا کہ نرس اور ڈاکٹر معاشرے کامعزز طبقہ ہیں جن کی عزت نفس کامعاشرے کے ہرطبقہ کوخیال رکھنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، ڈاکٹر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت کواپناشعاربنائیں اور مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں، انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف عوام کا دکھ بانٹنے اور انکی تکالیف کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور نیک نیتی اور ایمانداری کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ خدمت خلق میری زندگی کا حقیقی مشن ہے زندگی کی ہرسانس خدمت انسانیت کیلئے وقف کر رکھی ہے جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ہم عوام کی ہر مشکل کو حل کرنے کیلئے اپنی بھرپور جدوجہد کررہے ہیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑینگے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر اسرار الحق نے فضل حکیم خان یوسفزئی کو یادگار ی شیلڈ بھی پیش کیا۔