خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ڈراپ آؤٹ ریشو کو کنٹرول کرنے اور شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن سینٹرز، سباون ایجوکیشن پروگرام، رینٹڈ بلڈنگ پروگرام اور دیگر کئی اہم منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو محکمہ تعلیم کے جاری اور نئے منصوبوں کے تحت تعلیم تک رسائی اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم سمیت سکولوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اساتذہ کی کمی کو پوری کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مینیجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری انرجی اینڈ پاور تاشفین حیدر بھی موجود تھے۔مینیجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن تمام قبائلی اضلاع اور سب ڈویژنز میں گراس روٹ لیول پر تعلیم کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ ہمارے پروگرامز لٹریسی فار آل، کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن سینٹرز، اور این سی ایچ ڈی سنٹرز میں 47 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں 600 سے زائد سکولز ہیں اور 800 سے زائد اساتذہ درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ نئے پروگرامز میں مڈل سکول پروگرام اور سباون سکول پروگرام شامل ہیں۔ جبکہ اگلے مالی سال کے پروگرامز میں تمام قبائلی اضلاع میں اے ایل پی سینٹرز کے قیام اور مزید 200 کمیونٹی سکولز قائم کرنے کے پروگرام شامل ہیں جن کی تکمیل سے قبائلی عوام کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ مینجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اگلے اے ڈی پی میں ہماری تمام ترسکیمیں شامل ہو جائیں۔ تاکہ ضرورت مند قبائلی بچوں کو تعلیم فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی شرح میں اضافے اور ڈراپ آؤٹ ریشو کو کنٹرول کرنے کے لیے کمیونٹی بیسڈ سکول قائم کرنا انتہائی ضروری ہے کم وقت، کم لاگت اور فوری طور پر یہ سکول قائم کئے جا سکتے ہیں جس کے لیے بلڈنگز کی تعمیر وغیرہ کے پیچیدہ مراحل سے گزرنا نہیں ہوتا اور فوراً سکول قائم کر کے اساتذہ کو عارضی بنیادوں پر تعینات کر کے درس و تدریس کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منصوبوں اور جاری اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیم عام کرنے کے لئے فاؤنڈیشن بہترین کام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کوئی بھی سکیم ڈراپ نہ ہو اور نئی اے ڈی پی میں تمام منصوبے شامل کئے جائیں تاکہ قبائلی اضلاع کے عوام انضمام کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔