مارکیٹ میں آرٹیفیشل جیولری کی ڈیمانڈ بہت ہے اس کے ذریعے ووکیشنل انسٹی ٹیوشنز سے کورسز مکمل کرنے والے کو مارکیٹ میں باعزت روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔صوبائی وزیر کا ایک روزہ فیسٹیول کے موقع پر بات چیت
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ محنت کے زیر انتظام چلنے والے ووکیشنل انسٹی ٹیوشنز میں آرٹیفیشل جیولری سیکھانے کے کورسز کو شامل کریں، مارکیٹ میں آرٹیفیشل جیولری کی ڈیمانڈ بہت ہے اس کے ذریعے ووکیشنل انسٹی ٹیوشنز سے کورسز مکمل کرنے والے کو مارکیٹ میں باعزت روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور مقامی صنعت کاری کو فروغ بھی ملے گا۔ یہ ہدایات انہوں نے لیبر کالونی وومن ووکیشنل سنٹر ضلع چارسدہ میں محکمہ محنت خیبر پختونخوا کے زیراہتمام ایک روزہ نمائشی فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر ایک روزہ فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرانکے ہمراہ سیکرٹری ورکرز ویلفئیر بورڈ ابرارشاہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن امجد خان، ڈائریکٹر ایڈمن شعیب خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سلمان احمد، وومن چیمبر آف کامرس پشاور کی نائب صدر انیلہ خالد اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی پرنسپل بھی موجود تھیں۔ ایک روزہ نمائشی فیسٹیول میں چارسدہ، مردان اور پشاور کے ووکیشنل سنٹرز میں ہاتھ سے بنائی گئی مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے تھے۔ صوبائی وزیر نے سٹالوں کا معائنہ کیا اور اشیاء بنانے کے بارے میں دریافت کیا۔ایک روزہ نمائشی فیسٹیول میں کڑھائی والے کپڑے اور چادریں، آرٹیفیشل جیولری، ہاتھ سے بنے جوتے، کھانے پینے، کپڑے پر اون کے مختلف پینٹنگ، کینڈل ڈایزائن، بیگز، ہاتھ بنے صابن اور ڈیٹرجنٹ سمیت تفریحی سٹالز لگائے گئے تھے۔صوبائی وزیر کو بتایاگیا کہ نمائشی فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد سکلڈ لیبر کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور انٹرپرینیورشپ میں خواتین کے کردار کو اہمیت دینا ہے۔ صوبائی وزیر فضل شکورخان نے کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور ووکیشنل سنٹرز میں تیار کی گئی اشیاء اور بنانے والوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ووکیشنل سنٹرز میں کورسز سیکھنے والوں میں بہت صلاحیت موجود ہے، مارکیٹ میں ہاتھ سے بنائی اشیاء کا بہت سکوپ اور ڈیمانڈ ہے، ان ورکرز کو لوکل اور ملکی سطح پر مارکیٹ تک رسائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ہنرمندوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جائے گی بلکہ مقامی صنعت کو ترجیح دینے کیلئے اور دور حاضرکی تیکنیکی صلاحیتوں سے ان ورکرز کو لیس بھی کرینگے۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل شکور خان کو ووکیشنل سنٹر کے ریٹائرڈ پرنسپل نے اپنے ہاتھ سے کپڑے پر اون کے ذریعے بنا تحفہ پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔