احساس نوجوان روزگار سکیم: خیبر پختونخوا حکومت کا نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور اپناروزگار شروع کرنے کیلئے احساس نوجوان روزگار سکیم کے نام سے بڑا صوبائی فلیگ شپ منصوبہ شروع کررہی ہے جسکے تحت صوبہ بھر کے نوجوانوں کو ہر شعبے میں اپنا ذاتی کاروبار قائم کرنے کے لیے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو کلسٹرز کی شکل میں دس لاکھ تا ایک کروڑ تک کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جائیگا جو بنک آف خیبر کے تحت دیا جائے گا اور اسکے لئے بینک آف خیبر کی نامزد شاخوں کی نشاندہی کی جائیگی۔اس حوالے سے بدھ کے روزمشیر کھیل نے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے صوبائی حکومت کے اس اہم منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکریٹری کھیل اور امور نوجوانان مطیع اللہ،ڈائریکٹر یوتھ افیرز ڈاکٹر نعمان مجاہد،بینک آف خیبر ہیڈ مائیکروفنانس اسد کاکا خیل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مشیر کھیل کو اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انھیں اس حوالے سے منصوبے کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔واضح رہے کے مذکورہ سکیم کی کل لاگت 05 ارب روپے ہے اور سکیم میں اقلیتوں، خصوصی افراد اور مدارس میں زیر تعلیم جوانوں کیلئے پانچ، پانچ فیصد مخصوص کوٹہ مختص کیا جائیگا۔مشیر کھیل نے کہاکہ صوبے کی یہ سکیم بلا سود قرضوں پر مشتمل ہوگی جس کے ذریعے وہ اپنے موجودہ کاروبار کو ترقی دے سکیں گے یا اپنے لئے نیا کاروبار شروع کرسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد بانی چئیر مین عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو باعزت روزگار سے آراستہ کرنا ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی سوچ کے مطابق صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہوگا۔انھوں نے کہا کہ نوجوان طبقے کو باعزت روزگار کے موقع فراہم کرنا ہماری حکومت کا عزم ہے کیونکہ یہی نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔

مزید پڑھیں