خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے کہا ہے موجودہ دور میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی حصول ناگزیر ہے علم روشنی ہے جو زندگی کے طور طریقوں کے ساتھ اچھے اور برے میں تمیز بھی سکھاتی ہے علم کے بغیر زندگی گزارنا مشکل ہوجاتا ہے انسان کو علم کے حصول کے ذریعے ہی روشنی عطاء ہوتی ہے اور انہی علم کی بدولت انسان دنیا کے وسائل کو صحیح اور بہتر طور پر استعمال کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی علم فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پشاور میں ”ٹیچرز آر لیڈرز” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں علمائے کرام،اساتذہ، سول سوسائٹیز کے نمائندوں سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا درس و تدریس کی ترویج و فروغ میں علمائے کرام کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے علمائے کرام ہمارے لیے مشعل راہ ہیں علمائے اور اساتذہ کرام کا معاشرے کی کردار سازی میں بہت اہمیت ہے روئے زمین پر اچھا انسان اور ذمہ دار شخص بنانے میں انہی علمائے کرام اور اساتذہ کا کردار ہوتاہے انہوں نے کہا کہ تدریس کے شعبے سے وابستہ لوگ مہذب ہونگے تو ایک بہترین اور مہذب قوم تشکیل پائے گی۔ انہوں نے علم فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن نے معاشرے میں ذمہ داری والے کام کو ترجیح دی ہے جو کہ صدقہ جاریہ ہے اور اس کارخیر میں ہمیں اپنے حصے کا تعاون کرنا چاہیے۔