صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے جناح میڈیکل کالج پشاور کی کانوکیشن تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح میڈیکل کالج پشاور کے کانوکیشن کے تحت 2009 سے 2023 بیچ کے 167 گریجویٹں میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کانوکیشن میں 45 پوزیشن ہولڈرز جبکہ 181 گولڈ میڈلسٹ میں ڈگریاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ جناح کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عامر خان, پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق اور دیگر تمام فیکلٹی ممبران کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔وزیر صحت نے کہا کہ آج کل میرے وزارت کی تبدیلی کے حوالے سے افواہیں زیر گردش ہیں جسمیں کوئی صداقت نہیں،کچھ لوگوں کو افواہیں اور غلط بیانی کی عادت ہوگئی ہے۔صحت کارڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قاسم علی شاہ نے کہا کہ جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہے اسی دن سے صحت کارڈ تمام ہسپتالوں میں ایکٹیو کردیا گیا ہے،صحت کارڈ میں تمام بیماریوں کا مفت علاج دستیاب ہے جوخیبر پختونخوا حکومت کا ایک بہترین اور عوام دوست پراجیکٹ ہے۔