وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ایم پی اے عبدالغنی، سہیل آفریدی اور ایم این اے اقبال آفریدی کے ہمراہ ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ کیٹیگری ڈی ڈوگرہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین اور مقامی قیادت کی جانب سے وزیر صحت کو قبائلی پگڑی پہنائی گئی۔ وزیر صحت نے ہسپتال میں 90 کے وی اے سولرائزیشن منصو، ہسپتال میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ، نئے بنائے گئے کانفرنس روم اور لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا جبکہ اسپتال میں بچے کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے۔ وزیر صحت نے اسپتال میں جاری او پی ڈی کا معائنہ کے دوران مریضوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈوگرہ ہسپتال میں سٹاف کی کمی کو جلد پورا کرینگے، قبائلی عوام کی تکالیف کا انہیں احساس ہے اور صحت سہولیات کی فراہمی میں قبائلی اضلاع کو مقدم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل ادویات بھیجی ہیں اور وہ خود چیک کرنے آئے ہیں۔وزیر صحت نے مزید بتایا فنڈز فراہم کرکے تیراہ ہسپتال کو جلد سے جلد فعال کرینگے تاہم مقامی قیادت ہسپتالوں کے دورے کر کے بتائے تاکہ ضروریات کو بروقت پوراکیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی فعالی و بحالی میں ڈونرز کی مدد لے رہے ہیں جو قبائلی اضلاع میں کافی کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پرڈی ایچ او خیبر ظفر علی خان نے وزیر صحت کو ہسپتال سمیت ضلع خیبر کے صحت کے مراکز کی فعالی و بحالی کی صورتحال بارے جائزہ پیش کیا۔ وزیر صحت کو پاک افغان سرحد پر واقع زیرو کراسنگ ہسپتال بارے بھی بتایا گیا۔ وزیر صحت کو آوٹ بریک ریسپانس کمیٹی کی کارکردگی اور نو غیر فعال مراکز صحت بارے بھی تفصیل فراہم کی گئی اور بتایا گیا کہ دو سال میں 12 غیر فعال مراکز صحت کو فعال بنایا گیا ہے۔