وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کمیونٹی گرلز سکولز اساتذہ کو فوری طور پر طور پر ایک ماہ کی تنخواہ جاری کی جائے گی جبکہ دیگر بقایاجات کے لیے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری عبدالاکرم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرلز کمیونٹی سکول میں اس وقت 3600 اساتذہ کرام صوبے کے دور دراز علاقوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کی تنخواہیں کئی ماہ سے بند ہیں جس پر مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر مذکورہ اساتزہ کی ایک ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ دیگربقایاجات کی ادائیگی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اس وقت کمیونٹی گرلز سکولز میں تقریباً دو لاکھ 76 ہزار طلباء رجسٹرڈ ہیں اور یہ کمیونٹی سکول صوبے کے دور دراز علاقوں میں قائم ہیں جو پسماندہ علاقوں کے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں۔