وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورسے جمعرا ت کے روزرکن قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع صوابی میں تمباکو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد نے وزیراعلیٰ سے تمباکو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربااضافے اور مہنگائی کی وجہ سے تمباکو کے کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تمباکو کے کاشت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشت کاروں کے مسائل کے حل کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے اس سلسلے میں تمباکو پر عائد صوبائی ٹیکسوں میں ضروری رد و بدل کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد کے دیگر اراکین میں رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی، صوبائی وزراءعاقب اللہ خان، ظاہرشاہ طورو، فیصل خان ترکئی اور رکن صوبائی اسمبلی رنگیز خان بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں